ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سعودی عرب میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں کو اس بار حج کرنے کی ملی اجازت

سعودی عرب میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں کو اس بار حج کرنے کی ملی اجازت

Tue, 14 Jul 2020 10:46:04    S.O. News Service

ریاض،14؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) مملکت سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 160 ممالک کے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد رواں برس حج کے لئے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔ ٹوئٹر پر حرمین شریفین کے بیان میں کہا گیا کہ ’’وزارت حج نے مملکت میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں کو حج کے لئے منتخب کرلیا ہے‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’تمام خوش قسمت امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے‘‘۔

’عرب نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ درخواستوں کو عازمین کے تحفظ اور اچھی صحت کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ معیار کےمطابق جانچا گیا۔ حج کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر کی گئی تھی اور اچھی صحت کو بنیادی نکتہ قرار دیا گیا تھا۔ حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70 فیصد کا تعلق بیرون ممالک سے ہوگا جبکہ 30 فیصد سعودی عرب کے ہی شہری ہوں گے۔

سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 28 ذیقعد سے 12 ذی الحج تک کسی نے بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخلے کی کوشش کی تواس پر10ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی نے خلاف ورزی کو دہرایا تو اس پر جرمانہ بھی دوگنا ہوگا۔وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے تاکہ قانون توڑنے والے کو روک کر ان پر جرمانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اس مرتبہ کورونا وبا کی وجہ سے صرف انہی اشخاص کو حج کی سعادت کا موقع فراہم کرنے کی بات کہی گئی تھی جو پہلے سے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ دنیا کسی دیگر ملک سے سفر کر کے حج کرنے پر اس سال پابندی لگا دی گئی ہے۔


Share: